اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):سندھ کے معروف ترقی پسند شاعر، محقق اور ادیب انور پیرزادہ کی سالگرہ اتوار 25 جنوری کو منائی گئی۔ وہ 25 جنوری 1945 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انور پیرزادہ نے عملی زندگی کا آغاز درس و تدریس سے کیا بعد میں انھوں نے پاکستان ایئر فورس میں شمولیت اختیار کر لی اور بعد ازاں صحافت کے پیشہ سے منسلک ہو گئے۔ بائیں بازو کے نظریات …
سندھ کے معروف ترقی پسند شاعر، محقق اور ادیب انور پیرزادہ کی سالگرہ منائی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):سندھ کے معروف ترقی پسند شاعر، محقق اور ادیب انور پیرزادہ کی سالگرہ اتوار 25 جنوری کو منائی گئی۔ وہ 25 جنوری 1945 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انور پیرزادہ نے عملی زندگی کا آغاز درس و تدریس سے کیا بعد میں انھوں نے پاکستان ایئر فورس میں شمولیت اختیار کر لی اور بعد ازاں صحافت کے پیشہ سے منسلک ہو گئے۔ بائیں بازو کے نظریات رکھنے کے باعث وہ کیمونسٹ پارٹی آف پاکستان سے وابستہ رہے۔
صوفی شاعر شاہ عبد الطیف بھٹائی کے کلام کے مطالعہ اور اس پر تحقیق کے بعد اس کو اپنی شاعری میں متعارف کرایا ان کی اس کاوش کی وجہ سے انھیں سندھ میں ترقی پسند سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں میں مقبولیت حاصل ہو گئی۔
ان کا تعلق ضلع لاڑکانہ کے دیہات بلھڑیجی سے تھا ۔ بلھڑیجی کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے سابق سوویت یونین سے تعلیم حاصل کی اور اسی وجہ سے اس گاؤں کو سندھ میں ’لٹل ماسکو‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ناقدین کے مطابق انور پیرزادہ کی ترقی پسند شعری مجموعے ’اے چنڈ بھٹائی کھی چئجاں ‘ (اے چاند بھٹائی کو کہنا) نے سندھی ادب کو تازگی بخشی۔ وہ سندھ کے آثار قدیمہ میں بھی گہری دلچسپی لیتے رہے اور انھوں نے دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ اس کے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے سے لے کر سمندر میں شامل ہونے تک کا سفر بھی کیا۔
انور پیرزادہ 7 جنوری 2007 کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی،ادبی ،صحافتی اور ترقی پسند حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔








