سنگاپور کی مینوفیکچرنگ پیداوار میں 7.9 فیصد اضافہ

سنگاپور کی مینوفیکچرنگ پیداوار میں 7.9 فیصد اضافہ

سنگاپور۔27اپریل (اے پی پی):سنگاپور میں مینوفیکچرنگ پیداوار مارچ میں سالانہ بنیادوں پر 10.1 فیصد بڑھی جس سے پہلی سہ ماہی کی مجموعی شرح نمو 7.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق سنگاپور اکنامک ڈویلپمنٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ مارچ 2026 میں بائیو میڈیکل مینوفیکچرنگ اور کیمیکلز کے علاوہ تمام شعبوں میں سالانہ بنیاد پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

الیکٹرانکس کی پیداوار 30 فیصد بڑھ گئی جس کی وجہ انفوکام اور کنزیومر الیکٹرانکس کے ساتھ ساتھ سیمی کنڈکٹرز میں مضبوط اضافہ ہے جسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق طلب نے سہارا دیا۔پریسیژن انجینئرنگ میں 14 فیصد اضافہ ہوا، جہاں پریسیژن ماڈیولز اور کمپوننٹس کے شعبے میں آپٹیکل آلات، الیکٹرانک کنیکٹرز اور دھاتی پریسیژن پرزہ جات کی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا۔

مشینری اور سسٹمز کے شعبے کو بھی سیمی کنڈکٹر آلات کی بڑھتی ہوئی پیداوار سے فائدہ ہوا۔جنرل مینوفیکچرنگ میں 7.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کی قیادت مختلف صنعتوں کے شعبے نے کی، جہاں ساختی دھاتی مصنوعات اور ریڈی مکس کنکریٹ کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

خوراک، مشروبات اور تمباکو کے شعبے میں بھی مشروبات کے کنسنٹریٹس اور جانوروں کی خوراک کی پیداوار کے باعث اضافہ ہوا۔ٹرانسپورٹ انجینئرنگ میں 2 فیصد اضافہ ہوا، جس میں زمینی اور ایرو اسپیس دونوں شعبوں میں توسیع دیکھی گئی۔ ایرو اسپیس شعبے کو ہوائی جہاز کے پرزہ جات کی زیادہ پیداوار اور کمرشل ایئرلائنز کی جانب سے مرمت و دیکھ بھال کی مسلسل سرگرمیوں سے سہارا ملا تاہم میرین اور آف شور انجینئرنگ کے شعبے میں تیل و گیس کے آلات کی کم پیداوار کے باعث کمی دیکھی گئی۔

اس کے برعکس، بائیو میڈیکل مینوفیکچرنگ میں 14.3 فیصد کمی آئی جس کی وجہ طبی آلات کی کم طلب اور فعال دواسازی اجزاء کی پیداوار میں تبدیلی تھی۔کیمیکلز کی پیداوار 16 فیصد کم ہو گئی، جو پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکلز کی کم پیداوار کے باعث متاثر ہوئی، جس کی وجہ خام مال کی سپلائی میں رکاوٹیں تھیں۔