سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے تیار ہے، ترجمان محکمہ زراعت

unflower crop is ready
unflower crop is ready

فیصل آباد۔ 06 مئی (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے تیار ہے، فصل کو برداشت کرنے سے قبل کچھ علامات کا خیال رکھنا ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے، پھول کی زرد پتیاں خشک ہوکر گر جائیں،سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کیلئے تیار ہوتی ہے۔کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں معمولی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو سے تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اورسورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں کیونکہ اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی ہوسکتی ہے۔