محکمہ زراعت نے شمالی پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت فوری جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب میں خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے
سورج مکھی کے کاشتکاروں کو وسطی و جنوبی پنجاب میں موسم خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے شمالی پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت فوری جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب میں خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ شمالی پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے آخر جولائی تک مکمل کی جاسکتی ہے جبکہ خزاں کی فصل وسطی وجنوبی پنجاب میں وسط اگست تک مکمل کرکے بہتر پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام شہروں میں ہائبرڈ بیج با آ سانی دستیاب ہے۔
انہوں نے کہاکہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کھیت میں پودوں کی تعداد 23232فی ایکڑ ہونا اشدضروری ہے جس کیلئے اڑھائی کلوگرام بیج فی ایکڑ ڈال کر مطلوبہ تعداد کو پورا اور اچھی پیداوار کاحصول یقینی بنایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل تیلدار اجناس میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے بیج میں تیل کی مقدار 40سے45فیصداور لحمیات کی مقدار 20فیصد جبکہ حیاتین اے اور بی کی مقدار 10،10فیصد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی 100سے120دن میں پک کر تیار ہو نے والی فصل ہے جسے سال میں دومرتبہ جولائی اگست اور جنوری فروری میں کاشت کیاجاسکتاہے۔








