سویابین کی کاشت جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کرکے اگست کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو سویابین کی کاشت جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کرکے اگست کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ فیصل سویا بین اور اجمیری سویابین کاشت کرکے 20 سے25من تک فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو سویابین کی کاشت جولائی کے آخری ہفتہ میں شروع کرکے اگست کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ فیصل سویا بین اور اجمیری سویابین کاشت کرکے 20 سے25من تک فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عدیل احمد نے بتا یا کہ فیصل سویابین نامی قسم پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں کاشت کی جاسکتی ہے جس کی تھوڑی سے احتیاطی تدابیر اختیارکرکے 25من فی ایکڑ تک پیداوار لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ قسم پنجاب کے زیادہ بارش والے پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی بآسانی کاشت کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اجمیری سویا بین نامی قسم پنجاب کے بارانی علاقوں راولپنڈی، جہلم،چکوال،سیالکوٹ وغیرہ میں انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے جس کی فی ایکڑ پیداوار 20 من تک ہے نیز اسے پنجاب کے نہری علاقوں میں کاشت کرکے بھی بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ سویا بین کو سنگل رو ڈرل سے قطاروں میں تر وتر میں کاشت کرتے ہوئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30سے45سینٹی میٹر اور شرح بیج30سے 35کلوگرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔

 

مزید خبریں