سٹاک ایکسچینج میں نئی لسٹنگز کا سلسلہ جاری، ایس ای سی پی نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او کی منظوری دے دی
سٹاک ایکسچینج میں نئی لسٹنگز کا سلسلہ جاری، ایس ای سی پی نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او کی منظوری دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کے حصص کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی عوامی پیشکش کے لیے پراسپیکٹس کے اجرا اور اشاعت کی منظوری دے دی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق سروس لانگ مارچ ٹائرز رواں مالی سال میں سٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہونی والی بارھویں کمپنی ہو گئی ۔
پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ نے عالمی معاشی چیلنجز ، جغرافیائی سیاسی کشیدگی، امریکہ اور ایران کے تنازع، تیل کی قیمتوں میں اضافے، فریٹ اور انشورنس لاگت میں اضافے اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باوجود استحکام کا مظاہرہ کیا ہے۔امریکہ ایران تنازع کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس میں 14.54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم مقامی سرمایہ کاروں کی مضبوط شرکت، پرائمری مارکیٹ میں مسلسل سرگرمی اور ریگولیٹری اصلاحات کے باعث مجموعی طور پر مارکیٹ کا اعتماد برقرار رہا ہے۔
سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ، ٹرک اور بس ریڈیل ٹائروں کی تیاری، فروخت اور برآمدات سے وابستہ ہے۔ کمپنی کے 389,738,038 عام حصص اسٹاک ایکسچینج میں فروخت کے لیے پیش کر رہی ہے۔ یہ حصص کمپنی کے آئی پی او کے بعد کے ادا شدہ سرمائے کا 5 فیصد بنتے ہیں۔
آئی پی او بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا، جس میں 75 فیصد حصص ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ افراد کے لیے جبکہ باقی 25 فیصد ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے۔نئی لسٹنگز کے تسلسل سے واضح ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کا کیپٹل مارکیٹس پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور کمپنیاں فنڈ ریزنگ کے لیے اسے ایک مؤثر ذریعہ سمجھ رہی ہیں۔ سرمایہ کاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سرمایہ کاری کا فیصلہ کرنے سے پہلے کمپنی کے پراسپیکٹس کا بغور جائزہ لیں۔








