سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سٹیل سیکٹر میں ایسوسی ایشنز آف پرسنز اور غیر رجسٹر سٹیل ملوں کو بطور کمپنیاں رجسٹر کرنے کے لیے فاسٹ ٹریک رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دیا ہے
سٹیل سیکٹر میں ایسوسی ایشنز آف پرسنز اور غیر رجسٹر سٹیل ملوں کو بطور کمپنیاں رجسٹر کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک رجسٹریشن ڈیسک قائم

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سٹیل سیکٹر میں ایسوسی ایشنز آف پرسنز اور غیر رجسٹر سٹیل ملوں کو بطور کمپنیاں رجسٹر کرنے کے لیے فاسٹ ٹریک رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ پیر کے روز ایس ای سی پی سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی ہدایات پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے سٹیل ملوں کی ایسوسی ایشن آف پرسن کی کمپنیوں میں تبدیلی و غیر رجسٹر سٹیل سیکٹر کے کاروباری اداروں کی رجسٹریشن کی درخواستوں پر تیز رفتار کارروائی کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کر دیا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ بجٹ میں وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکنڈ شیڈول میں ترامیم متعارف کرائی ہیں جن کے تحت سٹیل سیکٹر کے کاروباروں کے لیے ٹیکس مراعات حاصل کرنے کے لیے کمپنی کے طور پر رجسٹریشن ضروری قرار دی گئی ہے جبکہ اے او پیز سمیت غیر رجسٹرڈ کاروباری ڈھانچے کے تحت کام کرنے والی سٹیل ملز کے لیے رجسٹرڈ کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس کا سامنا کیا گیا ہے۔
ان ترامیم کے بعد پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز (پی اے ایل ایس پی) نے سٹیل سیکٹر کی اے او پیز کو کمپنیوں میں تبدیل کرنے کے عمل میں رہنمائی اور سہولت کے لیے ایس ای سی پی سے رابطہ کیا ہے۔ ایس ای سی پی حکومت کی ہدایت پر سٹیل ملوں کی رجسٹرشن کے لیے تمام تر سہولت فراہم کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ایس ای سی پی میں کمپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل، آسان اور تیز رفتار ہے۔ کمپنی کی رجسٹریشن چار آسان مراحل پر مشتمل ہے جن میں صارف کی رجسٹریشن، کمپنی کے نام کی منظوری، ڈیجیٹل دستخط شدہ درخواست جمع کرانا اور مقررہ فیس کی ادائیگی شامل ہیں۔ مکمل دستاویزات کی فراہمی کی صورت میں کمپنی کی رجسٹریشن چار گھنٹوں میں مکمل کی جا سکتی ہے۔ایس ای سی پی ہر ماہ اوسطاً 3,500 سے زائد کمپنیاں رجسٹر کرتا ہے جو اس کے ڈیجیٹل کارپوریٹ رجسٹری نظام کی کارکردگی کی عکاس ہے۔ رہنمائی کے لیے متعلقہ کاروباری ادارے ایڈیشنل ڈائریکٹر/انچارج بزنس سینٹر سائلہ جمشیدسے 051-9195405 یا [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
سٹیل سیکٹر کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے ایس ای سی پی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تعاون سے بدھ 8 جولائی 2026ء کو ایک آگاہی ویبینار بھی منعقد کرے گا جس میں کاروباری اداروں کو کمپنیوں میں تبدیلی کے عمل سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔








