سٹیٹ بینک نے سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری کے لیے انویسٹ پاک پورٹل کا باضابطہ آغاز کر دیا
سٹیٹ بینک نے سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری کے لیے انویسٹ پاک پورٹل کا باضابطہ آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):سٹیٹ بینک نے پیرکو خصوصی ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشن ایکو سسٹم انویسٹ پاک کا باضابطہ آغاز کردیا۔ اس پورٹل کو حکومت پاکستان کی تمسکات میں مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں سرمایہ کاری کے لیے ریٹیلاور کارپوریٹ صارفین کی ضروریات کے مطابق بنایا گیا ہے۔ پورٹل کے آغاز کے علاوہ سٹیٹ بینک نے ایک میڈیا مہم بھی شروع کی تاکہ ریاستی ڈیٹ مارکیٹ میں خوردہ صارفین کی وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اس حوالے سے عوام کی آگاہی بڑھائی جائے۔ سٹیٹ بینک کراچی دفتر میں ہونے والی افتتاحی تقریب کی میزبانی گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگ زیب تھے۔
افتتاحی تقریب میں سٹیٹ بینک کی سینئر قیادت، بینکوں کے صدور، کارپوریٹ اداروں، سرمایہ کار کمپنیوں، میوچل فنڈز کے سربراہان، اور بینکاری و مالی صنعت کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وزیر اعظم کے ڈیجیٹل لحاظ سے فعال اور مالی شمولیت پر مبنی معیشت کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے فروغ میں سٹیٹ بینک کے سرگرم کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک پاکستان میں سرمایہ کاری کو جمہوری بنانے کی سمت ایک فیصلہ کن اقدام ہے جس کے ذریعے عام شہریوں خصوصا نوجوانوں، کارپوریٹ اور دیگر اداروں کو محفوظ ریاستی سرمایہ کاری کے مواقع تک براہ راست ڈیجیٹل رسائی دی گئی ہے۔
اس اقدام سے باضابطہ مالی شعبے میں شرکت زیادہ آسان، زیادہ شمولیتی اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے زیادہ قابل رسائی ہوگی۔ نجی شعبے کو قرض دینے پر اس اقدام کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھنے سے بینکوں کو اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی نجی شعبے کو قرض دینے پر توجہ دینے میں اور پیداواری معاشی سرگرمی کی اعانت کرنے میں مدد ملے گی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ انویسٹ پاک پاکستان کے مالی منظرنامے کے ارتقا میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم سٹیٹ بینک کے سٹریٹجک وژن 2028 کے تحت ہر شخص تک مالی خدمات کو آسان، پائیدار اور ڈیجیٹل طریقے سے پہنچانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ گورنر نے انویسٹ پاک کو محض ٹیکنالوجی پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا جس کا مقصد سرکاری تمسکات کی ایسی مارکیٹ کا قیام ہے جو جامع، موثر اور ہر سرمایہ کار کے لیے قابل رسائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک کا آغاز پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل رسائی اور انہیں بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ ملک گیر میڈیا مہم کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ صرف ٹیکنالوجی سے رویوں میں تبدیلی نہیں آتی، بلکہ آگاہی اس تبدیلی میں کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے مربوط آگاہی مہم چلائے گا تاکہ سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری پر بات چیت گھر گھر میں ہونے لگے۔گورنر نے اعادہ کیا کہ سٹیٹ بینک خودکاریت ، شفافیت اور بہترین بین الاقوامی روایات کو اپنا کر مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم پر قائم رہے گا۔
انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ انویسٹ پاک کو ایک مشترکہ قومی اقدام کے طور پر اپنائیں اور بتایا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے مزید جامع اور خوشحال معاشی مستقبل کی تعمیر کے ایک نئے باب کا عکاس ہے۔ توقع ہے کہ اس پلیٹ فارم سے کاغذی کارروائی میں کمی آئے گی، شفافیت میں اضافہ ہوگا اور گھروں اور دفاتر سے سرکاری تمسکات تک بآسانی رسائی میں مدد ملے گی جس سے انفرادی سرمایہ کاروں، خواتین سرمایہ کاروں، چھوٹی چھوٹی بچت کرنے والوں، کارپوریٹ اداروں اور مارکیٹ کے دیگر شرکا کو فائدہ پہنچے گا۔
اس میں شریک مالی اداروں کو پاکستانی روپے اور آئی پی ایس کے متعدد اکائونٹس سنبھالنے کے لیے ایک ہمہ گیر انٹرفیس بھی فراہم کیا گیا ہے جس سے انہیں سہولت اور پورٹ فولیو کی بہتروزیبیلیٹی دستیاب ہوگی۔ عوام میں اس کی قبولیت کو بڑھانے اور صارفین کے مسائل حل کرنے کے لیے ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشنز کی صورت میں تشکیل کردہ آن لائن سپورٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی انویسٹ پاک کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔








