سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مارکیٹ میں لیکویڈیٹی برقرار رکھنے کے لیے ریورس ریپو پرچیز اور شریعہ کمپلائنٹ مضاربہ پر مبنی اوپن مارکیٹ آپریشنز (او ایم او) کے ذریعے مجموعی طور پر 2850.55 ارب روپے فراہم کر دیئے۔
سٹیٹ بینک نے مارکیٹ میں 2.85 ٹریلین روپے کی لیکویڈیٹی فراہم کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مارکیٹ میں لیکویڈیٹی برقرار رکھنے کے لیے ریورس ریپو پرچیز اور شریعہ کمپلائنٹ مضاربہ پر مبنی اوپن مارکیٹ آپریشنز (او ایم او) کے ذریعے مجموعی طور پر 2850.55 ارب روپے فراہم کر دیئے۔
جمعہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق مرکزی بینک نے 21 اگست 2026ء کو 7 اور 14 روزہ مدت کے لیے ریورس ریپو پرچیز (انجکشن) اوپن مارکیٹ آپریشن کیا جس کے تحت 14 بولیوں کے مقابلے میں 2410.55 ارب روپے فراہم کیے گئے جبکہ مزید 440 ارب روپے شریعہ کمپلائنٹ مضاربہ پر مبنی اوپن مارکیٹ آپریشن کے ذریعے فراہم کیے گئے۔14 روزہ ریورس ریپو پرچیز کے لیے مرکزی بینک کو مجموعی طور پر 2322.65 ارب روپے کی 11 بولیاں موصول ہوئیں جن میں شرح منافع 11.51 سے 11.55 فیصد کے درمیان تھی۔
سٹیٹ بینک نے 11.51 فیصد شرح منافع پر تمام 11 بولیوں کے مقابلے میں مکمل رقم قبول کر لی۔اسی طرح 7 روزہ مدت کے لیے ایس بی پی کو مجموعی طور پر 87.9 ارب روپے کی 3 بولیاں موصول ہوئیں ،جن پر شرح منافع 11.54 سے 11.56 فیصد کے درمیان تھی۔ مرکزی بینک نے تمام 3 بولیاں قبول کرتے ہوئے 11.54 فیصد شرح منافع پر مکمل رقم فراہم کر دی۔دریں اثناء ایس بی پی نے 7 اور 14 روزہ مدت کے لیے شریعہ کمپلائنٹ مضاربہ پر مبنی اوپن مارکیٹ آپریشن بھی کیا۔
7 روزہ مدت کے لیے مرکزی بینک کو کوئی بولی موصول نہیں ہوئی جبکہ 14 روزہ مدت کے لیے 597.5 ارب روپے کی پیشکش پر مبنی 8 بولیاں موصول ہوئیں جن پر شرح منافع 11.52 سے 11.56 فیصد کے درمیان تھی۔مرکزی بینک نے 11.52 فیصد شرح منافع پر 8 بولیوں کے مقابلے میں 440 ارب روپے قبول کیے۔ 11.52 فیصد شرح پر پیش کردہ مجموعی رقم 246 ارب روپے تھی، جس میں سے ایس بی پی نے 88.5 ارب روپے پرو ریٹا بنیاد پر قبول کیے۔








