اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپریم کورٹ اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ کے درمیان دوطرفہ عدالتی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر اصولی اتفاق ہوگیا، مجوزہ یادداشت کے تحت عدالتی تبادلے، ادارہ جاتی تعاون، مہارت و بہترین طریقہ کار کا تبادلہ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کا فریم ورک وضع کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جسٹس میاں گل حسن …
سپریم کورٹ پاکستان کا عالمی سطح پر عدالتی روابط کے فروغ پر زور، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سیئول کانفرنس میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپریم کورٹ اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ کے درمیان دوطرفہ عدالتی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر اصولی اتفاق ہوگیا، مجوزہ یادداشت کے تحت عدالتی تبادلے، ادارہ جاتی تعاون، مہارت و بہترین طریقہ کار کا تبادلہ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کا فریم ورک وضع کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جمہوریہ کوریا کے شہر سیئول میں ایشیا و بحرالکاہل کے چیف جسٹسز کی 20ویں کانفرنس میں سپریم کورٹ پاکستان کی نمائندگی کی۔
کانفرنس میں ایشیا و بحرالکاہل کے خطے سے اعلیٰ عدالتی قیادت نے شرکت کی اور عدلیہ کے بدلتے کردار، انصاف کی فراہمی میں عصری چیلنجز، عدالتی تعلیم اور شعبہ انصاف میں ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس کے موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ترکیہ، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور اور جمہوریہ کوریا کی اعلیٰ عدالتی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں عدالتی تعاون، ادارہ جاتی تبادلوں، استعداد کار میں اضافے اور جدید عدالتی انتظام کے تجربات سے استفادے پر گفتگو ہوئی۔
چیف جسٹس وفاقی عدالت ملائیشیا سے ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کی عدلیہ کے درمیان تعاون بڑھانے، ججز کے تبادلوں، ادارہ جاتی تجربات اور استعداد کار میں اضافے کے امور زیر بحث آئے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ سنگاپور سے ملاقات میں جدید عدالتی انتظام، عدالتی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے انصاف کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
سیئول میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سپریم کورٹ جمہوریہ کوریا کے نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن کے وزیر جسٹس نوہ گیونگ پل سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں عدالتی انتظام، ڈیجیٹل تبدیلی، شعبہ انصاف میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔سپریم کورٹ پاکستان اور سپریم کورٹ جمہوریہ کوریا کے درمیان دوطرفہ عدالتی تعاون کے مفاہمتی یادداشت پر اصولی اتفاق اس ملاقات کا اہم نتیجہ قرار دیا گیا۔ مجوزہ مفاہمتی یادداشت پر چیف جسٹس پاکستان کے آئندہ دورہ جمہوریہ کوریا کے دوران دستخط متوقع ہیں۔
پاکستان کے سفیر برائے جمہوریہ کوریا بھی دوطرفہ ملاقاتوں کے دوران موجود تھے اور پاکستان اور کوریا کے درمیان ادارہ جاتی و عدالتی روابط کے فروغ میں معاونت کی۔سپریم کورٹ کے مطابق کانفرنس میں شرکت اور دوطرفہ ملاقاتیں بین الاقوامی عدالتی تعاون کو فروغ دینے، ادارہ جاتی تجربات سے استفادے اور دنیا بھر کی عدلیہ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔







