سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے ملاقات

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے ملاقات کی۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے وفاق اور تمام صوبوں کے مابین قریبی رابطے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ہے ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جان محمد جمالی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو سپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

جان محمد جمالی نے قومی اسمبلی اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے اراکین کے مابین ہم آہنگی میں اضافہ کے لئے رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔