سپیکر قومی اسمبلی سے مالدیپ کے پارلیمانی سپیکر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات،باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مالدیپ کے پارلیمانی سپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعلقات، باہمی تعاون اور پارلیمانی سفارت کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مالدیپ کے پارلیمانی سپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعلقات، باہمی تعاون اور پارلیمانی سفارت کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے پارلیمانی سفارت کاری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم کرے گا۔پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔پاک-مالدیپ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو قومی اسمبلی کے اہم پارلیمانی اقدامات سے آگاہ کیا۔قومی اسمبلی میں ینگ پارلیمانی فورمز، ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ، ویمن پارلیمانی کاکس اور چائلڈ رائٹس کاکس فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں جینڈر مین سٹریمینگ اور دیگر پارلیمانی اصلاحات کے ذریعے جامع قانون سازی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔مالدیپ کے سپیکر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خیرسگالی کے جذبات کو سراہا اور کیپ ٹاؤن میں سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعاون پر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔مالدیپ کے سپیکر نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاک-مالدیپ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی کنوینئر شائستہ خان سمیت ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، دانیال چوہدری، اسفندیار بھنڈارہ اور آسیہ ناز تنولی سمیت دیگر خواتین ارکان بھی شریک تھیں۔