سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی وزیر اعظم وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بین الاقوامی کانفرنس کےکامیاب انعقاد پر مبارکباد

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو بین الاقوامی کانفرنس کےکامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے یورپی یونین ، یو ایس ایڈ، ایشیائی ترقیاتی بینک ، اسلامی ترقیاتی بینک ، ورلڈ بینک ، چین، سعودی عرب، جرمنی، جاپان، فرانس، آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اورمتاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے دیگر نقصانات کے ازالے کے لئے 9 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی فراخدلانہ امداد سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں مدد گار ثابت ہو گی۔

منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جنیوا کانفرنس عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے تعاون کے جذبے کا مظہر ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ماحولیاتی انصاف کا مقدمہ لڑنے میں صف اول میں رہی اور اس سلسلے میں قومی اسمبلی کے زیر اہتمام سیلاب کی فوراً بعد آئی پی یو ایشیاء پیسفک ریجن کے ممالک پر مشتمل سیمینار منعقد کرایا گیا جس سے پاکستان کو سیلاب کی تباہی کاریوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی اور اس موقع پر آئی پی یو کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے عالمی فنڈ کے قیام کے لیے خط بھی ارسال کیا گیا اور آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کاپ 27 کانفرنس میں پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کے نتیجے میں لاس اینڈ ڈیمجز فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا جو پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کامیاب جنیوا کانفرنس سیلاب متاثرین کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو میں معاون ثابت ہو گی ۔