سپیکر قومی اسمبلی کی ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کی مذمت

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے معصوم شہریوں کی شہادت پر رنج و غم ،سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ عمل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ تشدد پر مبنی اقدامات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد، اخوت اور دفاعی تعاون پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات اور غیرمتزلزل حمایت کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے

مزید خبریں