سکھر میں جدید فارمنگ کے حوالے سے سیمنار کا انعقاد

سکھر میں جدید فارمنگ کے حوالے سے سیمنار کا انعقاد

سکھر۔ 22 مئی (اے پی پی):دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ایگری- ٹیک اور جدید فارمنگ سے متعلق سیمینار منعقد کیا گیا ۔ صوبائی وزیر برائے محکمۂ امور نوجوانان کے سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری منور علی مہیسر کی ہدایات پر سندھ کے نوجوانوں میں خودمختاری، جدت اور خود کفیل بننے کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ کی جانب سے سندھ یوتھ پالیسی کے تحت ضلع سکھر کے تعلقہ روہڑی کے علاقے سنگرار میں "دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ایگری ٹیک اور جدید فارمنگ” کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا ۔ سیمینار میں علاقے کے نوجوان کسانوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی

۔سیمینار میں ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی ملاح نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو اب روایتی سوچ سے نکل کر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت کو منافع بخش کاروبار کے طور پر اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ فونز کے ذریعے کسان موسم، پانی، کھاد، فصلوں کی بیماریوں اور مارکیٹ کی قیمتوں کے بارے میں درست معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جس سے انہیں معاشی فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اب صرف روایتی کام نہیں رہا، بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ نوجوانوں کے لیے ایک بہترین کاروباری میدان بن چکا ہے۔

تقریب کے دوران ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے پروجیکٹ مینیجر توحید غنی مہیسر نے پائیدار زراعت، ماحولیاتی تحفظ اور موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلق آگاہی دی ۔ سماجی تنظیم وائس آف نیو جنریشن کے سمیع اللہ مہر نے نوجوانوں کو جدید زراعت کے ذریعے سوشل انٹرپرینیورشپ اختیار کرنے پر زور دیا ۔تقریب سے نذیر احمد کٹپر اور فدا حسین نے بھی خطاب کیا۔سیمینار کے دوران سوال و جوابات کے سیشن میں نوجوانوں نے جدید فارمنگ، سرکاری سہولیات اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بارے میں سوالات بھی کیے۔ تقریب کے اختتام پر اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں اور نوجوان شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔

مزید خبریں