سکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،شاہد رند

وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے

کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ مستونگ کے علاقے کنک وادی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے چوکی پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور کارروائی کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، جس کے بعد کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ معاون وزیر اعلی نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شاہد رند نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ سکیورٹی فورسز نے ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں سے واضح کردیا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کے لیے بلوچستان میں کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ صوبے کے امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔