سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

راولپنڈی۔9اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خارجی ہلاک ہو گئے۔

کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ۔ اس کے علاوہ ’’عزم استحکام‘‘ وژن کے تحت کی جانے والی موثر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیئے گئے۔علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔