سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی سیاسی بالغ نظری کے بجائے ہمیشہ الزام تراشی کا راستہ اختیار کیا،شرمیلا فاروقی

رکن قومی اسمبلی و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی سیکرٹری اطلاعات شرمیلا فاروقی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی سیاسی بالغ نظری کے بجائے ہمیشہ الزام تراشی کا راستہ اختیار کیا۔بدھ کو پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے المیے کو پیپلز پارٹی سے جوڑنا جاپان اور …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی سیکرٹری اطلاعات شرمیلا فاروقی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی سیاسی بالغ نظری کے بجائے ہمیشہ الزام تراشی کا راستہ اختیار کیا۔بدھ کو پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے المیے کو پیپلز پارٹی سے جوڑنا جاپان اور جرمنی کو جغرافیائی طور پر ہمسایہ ممالک قرار دینے والی سوچ کا تسلسل ہے۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنی سیاسی ناکامیوں کی ذمہ داری لینے کے بجائے تاریخ اور مخالفین کو موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو تاریخ کے حساس ابواب کو سیاسی انتقام کا ہتھیار بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بلاول بھٹو زرداری کی فکر چھوڑ کر خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا جواب دینا چاہیے۔صوبے کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی کہاں ہے؟ پی ٹی آئی کے پاس صرف سیاسی بیانات کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی کردار کو متنازع بنانے کی کوشش پی ٹی آئی کی سیاسی بوکھلاہٹ کا اظہار ہے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ آئینی عہدوں پر بیٹھے افراد کو سیاسی مخالفین پر حملوں کے بجائے آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی قیادت کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کسی ایک جماعت یا صوبے کی جاگیر نہیں، وفاق سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ بنانے کے بجائے خیبرپختونخوا حکومت عوام کو اپنی کارکردگی کا حساب دے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی وارث بلاول بھٹو زرداری آئین، پارلیمان اور جمہوری جدوجہد کی سیاست کررہے ہیں۔کراچی سے خیبر تک پیپلز پارٹی وفاقی یکجہتی اور تمام اکائیوں کے مساوی حقوق کی سیاست کرتی ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کی توجہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی سے ہٹانا ہے۔