پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہےکہ سہیل آفریدی کے بیان سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران خان کی طرح پوری پی ٹی آئی تاریخ کے شعور سے نابلد ہے۔بدھ کو پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ مشرقی پاکستان کا سانحہ سیاسی بیان …
سہیل آفریدی کے بیان سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران خان کی طرح پوری پی ٹی آئی تاریخ کے شعور سے نابلد ہے،سینیٹر وقار مہدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہےکہ سہیل آفریدی کے بیان سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران خان کی طرح پوری پی ٹی آئی تاریخ کے شعور سے نابلد ہے۔بدھ کو پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ مشرقی پاکستان کا سانحہ سیاسی بیان بازی کے لیے استعمال کرنا تاریخ سے ناواقفیت اور غیر ذمہ داری کی انتہا ہے۔
سہیل آفریدی تاریخ کے حقائق مسخ کرنے سے پہلے حمود الرحمان کمیشن کو ایک بار پڑھ لیں۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی، بدامنی اور بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ الزام تراشی کے بجائے عوام کو جواب دیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو سیاسی نعروں نہیں، امن، روزگار اور بہتر حکمرانی کی ضرورت ہے۔نفرت اور الزام تراشی کی سیاست سے وفاق مضبوط نہیں ہوتا، آئین اور جمہوریت کی پاسداری سے ہوتا ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ سہیل آفریدی کو گورنر کے آئینی کردار پر اعتراض ہے تو آئین پڑھیں، سیاسی دھمکیاں نہ دیں۔
پیپلز پارٹی نے پاکستان توڑنے کی نہیں، ہمیشہ پاکستان بچانے اور وفاق کو مضبوط کرنے کی سیاست کی ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ اپنی ناکامیوں اور دیگر کے گناہوں کا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنے کی کوشش بند کی جائے۔ پیپلز پارٹی کو پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام پر کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ پیپلز پارٹی وفاق کی تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے، تقسیم کی سیاست مسترد کرتے ہیں۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے کی باتیں کرنے والوں کے مقابلے میں پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان کو جوڑنے کی سیاست کرتی رہی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف ہرزہ سرائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری وفاق پاکستان کی وحدت اور قومی مفاہمت کے امین اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کی آواز اور قوم کی امید ہیں۔







