سیئول میں عالمی سمٹ: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ سے ملاقات، تکنیکی و تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

سیئول میں عالمی سمٹ: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ سے ملاقات، تکنیکی و تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد/سیئول۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں منعقدہ ’’گلوبل اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ 2026‘‘ کے موقع پر عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ’’گوگل‘‘ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی ہے۔وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ (Wilson L. White) کے درمیان پاکستان میں تعلیمی، تکنیکی اور ڈیجیٹل شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

گفتگو میں پاکستان کے اندر گوگل کے نیٹ ورک، آپریشنل فوٹ پرنٹ اور تکنیکی سرگرمیوں کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے فروغ، جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ اور نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو علاقائی ڈیجیٹل حب بنانے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے عالمی ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہے جس میں گوگل کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

مزید خبریں