سیاحت کا شعبہ ملکی معیشت کے فروغ اورملک کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے،ایاز صادق کا عالمی یومِ سیاحت کے پر پیغام

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاحت کا شعبہ ملکی معیشت کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاحت کا شعبہ ملکی معیشت کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اپنے قدرتی حسن، تاریخی مقامات، متنوع ثقافت اور شاندار مذہبی و تہذیبی ورثے کے باعث سیاحت کے شعبے میں وسیع امکانات رکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کوعالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو ہر سال 27 ستمبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کےشمالی علاقہ جات، بلند پہاڑی سلسلے، وادیٔ سندھ کی قدیم تہذیب اور گندھارا تہذیب ملک کے اہم سیاحتی اور ثقافتی اثاثے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس شعبے کی ترقی سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت مل سکتی ہے بلکہ مقامی آبادی، نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ رواں سال عالمی یومِ سیاحت کا موضوع ”سیاحت کی نئی تشکیل کے لیے ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت“ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے سیاحتی مقامات کی تشہیر، سفری منصوبہ بندی اور سیاحوں کو بروقت معلومات اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر اورمواصلاتی نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کی ترقی کے ساتھ قدرتی ماحول، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔سپیکر قومی اسمبلی نے سیاحت کے فروغ کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دنیا بھر کے سیاحوں کو پاکستان کے قدرتی حسن، تاریخی مقامات، ثقافتی تنوع اور روایتی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ دنیا بھر سے آنے والےسیاحوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقامات، متنوع ثقافتی ورثہ اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات قومی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور مقامی آبادی کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اورانفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ماحولیات اور تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کو بھی خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے مقامی آبادی، متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کی مؤثر شمولیت ضروری ہے۔