سیاحت کا فروغ ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور مقامی آبادی کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،سیدال خان ناصر

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن،تاریخی ورثے، ثقافتی تنوع اور دلکش سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن،تاریخی ورثے، ثقافتی تنوع اور دلکش سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے، جنہیں مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔اتوار کوعالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور مقامی آبادی کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مقامات عالمی سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے، مواصلاتی سہولیات اور سیاحتی مقامات پر ضروری سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے قدرتی ماحول اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو پائیدار سیاحت کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو ایک خوبصورت، پرامن اور سیاح دوست ملک کے طور پر دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکتا ہے۔