سیالکوٹ،دھان کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت

ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھان کی فصل کو مختلف بیماریوں اور ضرر رساں کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر سے گریز کریں۔

سیالکوٹ۔28جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھان کی فصل کو مختلف بیماریوں اور ضرر رساں کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ موسم میں تبدیلی کے باعث دھان کی فصل پر پتوں کے بھورے دھبوں کی بیماری، پتوں کے جراثیمی جھلساؤ، دھان کے بھبھکا (بلاسٹ)، بکائنی اور تنے کی سڑن جیسی بیماریاں شدت اختیار کر سکتی ہیں، اس لیے فصل کا مسلسل معائنہ انتہائی ضروری ہے تاکہ بروقت تدارکی اقدامات کیے جا سکیں۔ڈاکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ دھان کا بھبھکا ان کھیتوں میں زیادہ حملہ آور ہوتا ہے جہاں پانی کھڑا نہیں رہتا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ گوبھ بننے سے لے کر مونجر نکلنے کے دو ہفتے بعد تک کھیت میں سوکا نہ لگنے دیں بلکہ کھیت کو گارہ کی حالت میں رکھنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پتوں پر بھبھکا کی علامات ظاہر ہوں تو زرعی ماہرین کے مشورے سے موزوں پھپھوندی کش دوا کا سپرے کریں اور ضرورت کے مطابق 15 دن کے وقفے سے دوبارہ سپرے کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ پتوں کے جراثیمی جھلساؤ کے حملے کو کم کرنے کے لیے گوبھ بننے سے فصل کے پکنے تک کھیت میں وتر برقرار رکھا جائے۔ بیماری کی صورت میں کاپر آکسی کلورائیڈ 3 گرام فی لیٹر پانی کے حساب سے ملا کر سپرے کیا جائے، جبکہ ایک کلوگرام نیلا تھوتھا، ایک کلوگرام اَن بجھا چونا اور 120 لیٹر پانی پر مشتمل بورڈو مکسچر بھی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ پوٹاش کا متوازن استعمال فصل کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ جراثیمی جھلساؤ کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے متاثرہ کھیت کا پانی صحت مند کھیت میں ہرگز نہ جانے دیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہوتے ہی محکمہ زراعت کے فیلڈ اسٹاف یا زرعی ماہرین سے فوری رہنمائی حاصل کریں۔