ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت(پلانٹ پروٹیکشن ) سیالکوٹ ڈاکٹرمقصود احمد نے دھان کے کاشتکاروں کو فصل پر جراثیم کش زہروں کا سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیالکوٹ،دھان کے کاشتکاروں کو فصل پر جراثیم کش زہروں کا سپرے کرنے ہدایت
سیالکوٹ۔4ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت(پلانٹ پروٹیکشن ) سیالکوٹ ڈاکٹرمقصود احمد نے دھان کے کاشتکاروں کو فصل پر جراثیم کش زہروں کا سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موسمی تغیرات کے باعث دھان کی فصل پر جراثیمی جھلسائو کی بیماری کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے جو پہلے ٹلیوں یعنی چند پودوں پر اور بعد میں لائنوں اور پھر پورے کھیت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بارشوں کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے اور بعد ازاں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث جراثیمی جھلسائو کی بیماری شدت اختیار کر گئی لہذا کاشتکار روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اور دھان کے پتوں کا رنگ مٹیالا یا بھورا ہونے، پتوں کے کنارے اندر کی طرف مڑنے کی صورت میں کاپر آکسی کلورائیڈ پلس کاسوگا مائی سین ،ٹیٹرا مائی سین ،کاپر آکسی کلورائیڈ پلس کاپر ہائیڈرو آکسائیڈ میں سے کسی ایک زہر کا انتخاب کریں اور فی ایکڑ فصل پر 100 تا 120 لیٹر پانی سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ جراثیمی جھلسائو پھپھوندی کی وجہ سے نہیں بلکہ بیکٹیریا کی وجہ سے پھیلتا ہے اس لئے مذکورہ جراثیم کش زہروں کا انتخاب کریں بصورت دیگر فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جس سے پیداوار میں شدید کمی واقع ہو سکتی ہے۔









