سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی شہریوں کو گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کی ہدایت

محکمہ زراعت سیالکوٹ نے شہریوں کو صحت مند اور معیاری خوراک کے حصول کے لیے گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے۔

سیالکوٹ۔3جون (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے شہریوں کو صحت مند اور معیاری خوراک کے حصول کے لیے گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کچن گارڈننگ نہ صرف تازہ اور محفوظ سبزیوں کی فراہمی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں اگائی جانے والی سبزیاں مضر سپرے اور دیگر آلودگیوں سے پاک ہوتی ہیں، جس کے باعث ان کا استعمال صحت کے لیے زیادہ مفید ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری بازار سے سبزیوں کی خریداری پر انحصار کم کرنے اور اپنی غذائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کرنے کے لیے گھریلو سطح پر باغبانی کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر گھر میں زیادہ جگہ دستیاب نہ ہو تو سبزیوں کی کاشت گملوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے اور کھلے ڈبوں میں بھی باآسانی کی جا سکتی ہے۔ محکمہ زراعت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں سبزیوں کی کاشت کے رجحان کو فروغ دے کر صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں۔

مزید خبریں