محکمہ زراعت توسیع سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تل کی مختلف منظور شدہ اقسام کی بروقت کاشت مکمل کریں تاکہ بہتر پیداوار اور زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے۔
سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو تل کی کاشت 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔25مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تل کی مختلف منظور شدہ اقسام کی بروقت کاشت مکمل کریں تاکہ بہتر پیداوار اور زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق تل کم خرچ، کم دورانیے اور زیادہ آمدنی دینے والی بہترین نقد آور روغنی فصل ہے جس کے بیج میں 50 فیصد سے زائد اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل جبکہ 22 فیصد معیاری پروٹین پائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹی ایچ 6 کی کاشت یکم جون سے 30 جون، ٹی ایس 5 اور تل 18 کی کاشت 15 جون سے 15 جولائی جبکہ نیاب تل 2016 اور نیاب پرل کی کاشت 15 جون سے 31 جولائی تک مکمل کی جائے۔کاشتکار غیر روایتی فصلات اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی اختیار کر کے بہتر مالی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تل موسم خریف کی اہم فصل ہے اور اس کی کاشت لائنوں میں ڈرل کے ذریعے کرنے سے پیداوار میں 40 فیصد تک اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فی ایکڑ ڈیڑھ سے 2 کلوگرام بیج استعمال کیا جائے اور منظور شدہ اقسام ٹی ایچ 6 اور ٹی ایس 5 کو ترجیح دی جائے۔ کاشتکار خالص، صحت مند اور بیماریوں سے پاک بیج استعمال کریں جبکہ جڑ، تنے کی سڑانڈ اور اکھیڑا جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بیج کو مناسب پھپھوند کش زہر دو گرام فی کلوگرام بیج کے حساب سے ضرور لگائیں۔








