محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ سرخ مرچ کی بہتر پیداوار اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لئے مرچوں کی بروقت چنائی مکمل کی جائے اور بعد از برداشت احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے۔
سیالکوٹ،کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔1جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ سرخ مرچ کی بہتر پیداوار اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لئے مرچوں کی بروقت چنائی مکمل کی جائے اور بعد از برداشت احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے۔محکمہ زراعت سیالکوٹ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیا جائے جب مرچ مکمل طور پر پک چکی ہو اور اس کا رنگ پوری طرح سرخ ہو گیا ہو، کیونکہ مناسب وقت پر برداشت سے فصل کا معیار اور پیداوار بہتر رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرچوں کی چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کی جائے تاکہ پودوں کے ٹوٹنے کا خدشہ کم رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرچوں کی چنائی ہفتہ تا دس دن کے وقفے سے کی جائے اور چنائی کے بعد مرچوں کو ڈھیر کی صورت میں رکھنے کے بجائے صاف اور خشک چٹائی پر احتیاط سے پھیلا دیا جائے تاکہ ان کا معیار متاثر نہ ہو۔ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ چنائی کے بعد کمزور، خراب یا بیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کر دیں اور مرچوں کو بارش، آندھی اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب انتظامات کریں تاکہ بہتر پیداوار اور معیاری فصل کے ذریعے زیادہ مالی منافع حاصل کیا جا سکے۔








