سیالکوٹ، کاشتکاروں کو دھان کی بہتر پیداوار کےلئے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت

محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کے لیے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ نے کہا ہے کہ کاشتکار دھان کے کھیتوں میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ جڑی بوٹیوں کے خاتمے سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور آبپاشی و کھادوں کے اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے

سیالکوٹ۔15جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کے لیے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ نے کہا ہے کہ کاشتکار دھان کے کھیتوں میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ جڑی بوٹیوں کے خاتمے سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور آبپاشی و کھادوں کے اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھان کی لاب کھیتوں میں منتقل کرنے کے 3 سے 5 روز کے اندر جڑی بوٹی مار زہر کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ فصل کو جڑی بوٹیوں کے نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زہر کے استعمال کے بعد کم از کم ایک ہفتے تک کھیت میں پانی برقرار رکھا جائے کیونکہ پانی خشک ہونے کی صورت میں زہریں موثر انداز میں کام نہیں کرتیں جبکہ فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کاشتکار زنک کی کمی دور کرنے کے لیے محکمہ زراعت کی مشاورت سے مناسب کھادوں کا استعمال کریں تاکہ فصل کی نشوونما اور پیداوار بہتر ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن کاشتکاروں نے پنیری کے مرحلے پر زنک سلفیٹ استعمال کر لیا ہے، انہیں لاب کی منتقلی کے بعد زنک کے اضافی استعمال کی ضرورت نہیں ہوتی۔انہوں نےکہا کہ کاشتکار مزید رہنمائی اور مشاورت کے لیے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن15000 ۔0800سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔