سیالکوٹ چیمبر انتخابات، اتحاد فاؤنڈر گروپ کے 20 امیدوار بلا مقابلہ ایگزیکٹو ممبران منتخب

ٹریڈ باڈیز الیکشن 2026-28 کے سلسلہ میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبران کے انتخابات میں اتحاد فاؤنڈر گروپ کے تمام 20 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے

سیالکوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):ٹریڈ باڈیز الیکشن 2026-28 کے سلسلہ میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبران کے انتخابات میں اتحاد فاؤنڈر گروپ کے تمام 20 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کمشنرز نوید اقبال شیخ، جلیل اسلم اور ظفر اقبال جعفری کے مطابق اتحاد فاؤنڈر گروپ کے 20 امیدواروں نے مقررہ مدت میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تاہم ان کے مقابلے میں مقررہ تاریخ تک کسی دوسرے گروپ یا امیدوار کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کروائے گئے، جس کے باعث تمام امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب کی راہ ہموار ہوگئی۔

بلا مقابلہ منتخب ہونے والے ایگزیکٹو ممبران میں محمد حسن علی نیئر، چوہدری جہانگیر رشید، فیصل نعیم، فیضان مجید کپور، ارسلان ارشد درانی، ارشد لطیف بٹ، خاور حسین سپال، فہیم احمد، قمر منیر، محمد افضل منیر، شہزادہ ابن احمد اقبال، محمد بلال فراز، محمد احسان الحق، اسد نصیر ملک، عبدالموعید بھٹہ، میاں محمد نواز، افاف صفدر، موتی لال، عقیل اشرف اور خالد محبوب شامل ہیں۔الیکشن کمشنرز کے مطابق تمام نومنتخب اراکین کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاسز سے آئندہ دو سال کے لیے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

تجارتی حلقوں نے تمام 20 امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب کو اتحاد فاؤنڈر گروپ کی تنظیمی حکمتِ عملی اور باہمی اتفاقِ رائے کا مظہر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب ایگزیکٹو ممبران سیالکوٹ کی صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل، برآمدات کے فروغ، کاروباری آسانیوں اور صنعتکار و برآمدکنندگان کی مؤثر نمائندگی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔