سیالکوٹ چیمبر میں لندن تجارتی میلے میں شرکت کے لیے کمپنیوں کی شفاف قرعہ اندازی

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے لندن تجارتی میلے میں شرکت کے لیے صنعتکار کمپنیوں کے انتخاب کی قرعہ اندازی کا اجلاس منعقد ہوا،

سیالکوٹ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے لندن تجارتی میلے میں شرکت کے لیے صنعتکار کمپنیوں کے انتخاب کی قرعہ اندازی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمپنیوں کے نمائندگان کی موجودگی میں میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیمبر کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے تجارتی وفود و بیرون ملک میلہ جات کے چیئرمین قیصر بیگ اور نائب صدر سلیمان شیخ نے کی۔ اس موقع پر قیصر بیگ نے کہا کہ وہ گزشتہ نو سال سے چیمبر آف کامرس کی متعلقہ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور کمیٹی کے تحت بیرون ملک تجارتی میلوں میں شرکت کے لیے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار کے مطابق کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کے نمائندگان کی موجودگی میں قرعہ اندازی کی جاتی ہے اور موقع پر ہی منتخب ہونے والی کمپنیوں کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے، جس سے تمام شرکاء کو انتخابی عمل کے شفاف ہونے کا مکمل اطمینان حاصل ہوتا ہے۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے نائب صدر سلیمان شیخ نے کہا کہ کمپنی نمائندگان کے سامنے ایمانداری، میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت قرعہ اندازی قابل تحسین اقدام ہے۔ اس سے ایکسپورٹرز کا اعتماد بحال ہوتا ہے اور انہیں بیرون ملک تجارتی میلوں میں شرکت کے مساوی مواقع میسر آتے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ پاکستان کے لیے ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے اور برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری مذاکرات کے آغاز کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اس عمل سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور طویل المدتی معاشی ترقی کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔