سیمنٹ کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران 7.6 فیصد اضافہ ،برآمدات میں 2.1 فیصد کمی

ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گذشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7.6 فیصد کا اضافہ جبکہ برآمدات میں 2.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گذشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7.6 فیصد کا اضافہ جبکہ برآمدات میں 2.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 50.58 ملین ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2025 کےمقا بلہ میں 7.6 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2025 میں ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 47 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جون میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کا حجم 4.33 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو مئی کے 3.83 ملین ٹن کے مقابلہ میں 12.9 فیصد اور گذشتہ سال جون کے 3.65 ملین ٹن کے مقابلہ میں 18.4 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں مالی سال 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 35.5 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2025 کے 33.013 ملین ٹن کے مقابلہ میں 7.5 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح مالی سال 2026 میں ملک کے جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت کا حجم 15.082 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے جو مالی سال 2025 کے 13.98 ملین ٹن کے مقابلہ میں 7.8 فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کا حجم 9.014 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے جو مالی سال 2025 کے 9.21 ملین ٹن کے مقابلہ میں 2.1 فیصد کم ہے۔ جون 2026 میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 0.79 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے جو مئی کے 0.63 ملین ٹن کے مقابلہ میں 24.8 فیصد زیادہ ہے اور گذشتہ سال جون کے 0.86 ملین ٹن کے مقابلہ میں 8.7 فیصد کم ہے۔