سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں اگست 2026 کے دوران 0.7 فیصد کمی ہوئی ۔
سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں اگست 2026 کے دوران سالانہ بنیا دپر 0.7 فیصد کمی ہوئی،رپورٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں اگست 2026 کے دوران 0.7 فیصد کمی ہوئی ۔
آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ( اے پی سی ایم اے )کے مطابق اگست کے دوران سیمنٹ کی فروخت کا حجم کم ہوکر 4.039 ملین ٹن رہا جبکہ اگست 2025 میں اس کی مجموعی فروخت 4.068 ملین ٹن رہی تھی۔ اس طرح اگست 2025 کے مقابلے میں اگست 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 0.029 ملین ٹن یعنی 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اے پی سی ایم اے کے مطابق اگست 2026 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.283 ملین ٹن تک کم ہوگئی جبکہ اگست 2025 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.318 ملین ٹن رہی تھی۔ دوسری جانب اس دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 0.91 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
واضح رہے کہ اگست 2025 کے دوران سیمنٹ کی برآمد 7 لاکھ 49ہزار 683 ٹن رہی تھی تاہم اگست 2026 میں برآمدات کا حجم 6870 ٹن یعنی 0.91 فیصد کی بڑھوتری سے 7 لاکھ 56 ہزار 553 ٹن رہا۔ اے پی سی ایم اے کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ (جولائی ،اگست)میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدات میں 2.79 فیصد بڑھوتری سے 8.521 ملین ٹن رہی جبکہ جولائی ، اگست 2025 کے دوران مجموعی فروخت 8.289 ملین ٹن رہی تھی اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سیمنٹ ساز مقامی اداروں کی مجموعی فروخت میں 0.232 ملین ٹن کا اضافہ ہوا ۔








