سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 7ماہ کے دوران 10.58فیصد اضافہ ہوا ، اے پی سی ایم اے

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران 10.58فیصد جبکہ جنوری 2026میں 12.54فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے )کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7مہینوں میں جولائی 2025تا جنوری 2026کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدی فروخت کا حجم 30.583ملین ٹن تک …

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران 10.58فیصد جبکہ جنوری 2026میں 12.54فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے )کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7مہینوں میں جولائی 2025تا جنوری 2026کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدی فروخت کا حجم 30.583ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سیمنٹ تیار کرنے والی صنعتوں کی مجموعی فروخت 27.656ملین ٹن رہی تھی ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.927ملین ٹن یعنی 10.58فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اے پی سی ایم اے کے مطابق جنوری 2026میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 12.54فیصد کی نمایاں اضافہ سے 4.538ملین ٹن تک بڑھ گئی جبکہ جنوری 2025کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 4.032ملین ٹن رہا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 کے مقابلہ میں جنوری 2026کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 61.09فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس عرصہ کے دوران مقامی فروخت میں 4.37فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 9لاکھ 37ہزار 97ٹن تک پہنچ گیا جبکہ جنوری 2025کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 5لاکھ 81ہزار691ٹن رہا تھا اس طرح جنوری 2025کے مقابلہ میں جنوری 2026کے دوران سیمنٹ کی قومی برآمدات میں 3لاکھ 55ہزار 406ٹن یعنی 61فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2025کے مقابلہ میں جنوری 2026کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 0.151ملین ٹن یعنی 4.37فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ جنوری 2025کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 23.450ملین ٹن رہی تھی جو جنوری 2026میں 3.601ملین ٹن تک بڑھ گئی ۔

اے پی سی ایم اے کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی و برآمدی فروخت میں 10.58فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اس عرصہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت گزشتہ مالی سال کے دوران 12.35فیصد تک بڑھ گئی اور فروخت کا حجم گزشتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ کی فروخت 22.264ملین ٹن کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 25.015ملین ٹن تک پہنچ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 3.26فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم جولائی 2024تا جنوری 2025کی 5.392ملین ٹن برآمدات کے مقابلہ میں جولائی 2025تا جنوری 2026کے دوران 0.176ملین ٹن یعنی 3.26فیصد کے اضافہ سے 5.568ملین ٹن تک بڑھ گئیں ۔