سینیٹر شیری رحمان کا پاکستان میں 105 گلیشیائی جھیلوں کی برف پگھلنے پر شدید تشویش کا اظہار
سینیٹر شیری رحمان کا پاکستان میں 105 گلیشیائی جھیلوں کی برف پگھلنے پر شدید تشویش کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان میں 105 گلیشیائی جھیلوں کی برف پگھلنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیشیائی جھیلوں میں پانی بڑھنے سے اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے باعث برف پگھلنے کا عمل تیز ہو رہا ہے، اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ سپارکو کی جانب سے 131 گلیشیائی جھیلوں کو خطرناک قراد دیا گیا، ساری صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو گلیشیائی جھیلوں سے آنے والے اچانک سیلاب کے خطرے سے بروقت آگاہ کرنا ہوگا۔ گلیشیائی جھیلوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت اطلاع لوگوں کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں تیزی سے سامنے آ رہے ہیں، ہمیں پہلے سے بہتر تیاری کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گلیشیائی جھیلوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور قدرتی آفات سے نقصانات کم کرنے کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مزید موثر بنانا ہوگا۔








