سینیٹر شیری رحمان کی جھنگی سیداں میں تین سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے افسوسناک واقعہ کی مذمت

سینیٹر شیری رحمان کی جھنگی سیداں میں تین سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے افسوسناک واقعہ کی مذمت

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے جھنگی سیداں میں تین سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچی سے درندگی کا واقعہ انسانیت سوز ہے، ایسے واقعات ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہیں۔

بدھ کو اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ملزم کی بروقت گرفتاری خوش آئند ہے،ملزم کو قرار واقعی سزا دے کر عبرت کی مثال بنایا جائے۔ شیری رحمان نے کہا کہ بچیوں کے تحفظ کے لئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے، وہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں،بچی کے والدین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

شیری رحمان نے کہا کہ عدالت سے اپیل ہے کہ کیس کا ٹرائل مکمل کر کے لواحقین کو انصاف فراہم کیاجائے.بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہی واحد حل ہے، بچوں کے تحفظ کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جھنگی سیداں جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے والدین اور اساتذہ میں بھی آگاہی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ درندہ صفت ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون سازی موجود ہے قانون کواپنا راستہ لینا ہوگا۔

مزید خبریں