سینیٹ اجلاس، نجی ارکان کے نو نئے بل پیش،تمام بلز متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد

سینیٹ میں پیر کو خاندانی عدالتوں، درختوں کے تحفظ، وفاقی استغاثہ، ٹیلی مواصلات، مسلم عائلی قوانین، نجی سکیورٹی گارڈز کے حقوق اور استعمال شدہ سرنجوں کے ضابطہ کار سمیت مختلف امور سے متعلق نو نئے نجی ارکان کے بل پیش کیے گئے

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں پیر کو خاندانی عدالتوں، درختوں کے تحفظ، وفاقی استغاثہ، ٹیلی مواصلات، مسلم عائلی قوانین، نجی سکیورٹی گارڈز کے حقوق اور استعمال شدہ سرنجوں کے ضابطہ کار سمیت مختلف امور سے متعلق نو نئے نجی ارکان کے بل پیش کیے گئے۔ یہ بل سینیٹرز سرمد علی، ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، خالد طاہر اور ثمینہ ممتاز زہری نے ایوان میں پیش کیے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کی جانب سے مخالفت نہ کئے جانے پر تمام بلوں کو مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا۔

بلوں میں خاندانی عدالتوں (ترمیمی) بل 2026، قومی درختوں کے تحفظ اور ماحولیاتی انصاف کا بل 2026، وفاقی استغاثہ سروس (ترمیمی) بل 2026، پاکستان ٹیلی مواصلات (تنظیم نو) (ترمیمی) بل 2026، مسلم عائلی قوانین (ترمیمی) بل 2026، نجی سکیورٹی گارڈز کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کا بل 2026 اور اسلام آباد میں استعمال شدہ سرنجوں کے ضابطہ کار اور کنٹرول سے متعلق بل 2026 شامل ہیں۔ مسلم عائلی قوانین میں ترمیم سے متعلق ایک بل میں دفعہ 2 میں ترمیم اور نئی دفعہ 10 اے شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔