سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے 364ویں اجلاس میں قانون سازی کے امور کا تفصیلی جائزہ، سینیٹ کا موجودہ اجلاس 30 اکتوبر تک جاری رکھنے کا فیصلہ

سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹ کے 364 ویں اجلاس کے دوران زیر غور لائے جانے والے قانون سازی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹ کے 364 ویں اجلاس کے دوران زیر غور لائے جانے والے قانون سازی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔قانون سازی کے امور کے علاوہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم قومی و بین الاقوامی معاملات پر بھی غور کیا گیا ۔ سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سینیٹ کا موجودہ اجلاس 30 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گا۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ ناصر عباس، سینیٹر و چیف وہپ سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر منظور احمد، سینیٹر سید علی ظفر، سینیٹر جان محمد، سینیٹر کامل علی آغا، سینیٹر ہدایت اللہ خان، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے شرکت کی۔سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کو موجودہ اجلاس کے دوران زیر غور آنے والے قانون سازی کے امور اور ایوان کی کارروائی سے متعلق معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔