اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی کمیٹی نے گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کے باعث مقامی آبادی کو ان کے جائز گیس کنکشن کی سہولت سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی …
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی کمیٹی کا گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی کمیٹی نے گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کے باعث مقامی آبادی کو ان کے جائز گیس کنکشن کی سہولت سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں کنوینر سینیٹر جام سیف اللہ خان کی زیر صدارت ہواجس میں سینیٹر ہدایت اللہ خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گھوٹکی/قادِرپور، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، سانگھڑ اور خیبر پختونخوا میں گیس فیلڈز کے گرد پانچ کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات کو گیس کی فراہمی کی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
کنوینر نے وزیراعظم اور سپریم کورٹ کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عملدرآمد میں تاخیر کے باعث مقامی آبادی کو ان کی جائز گیس فراہمی کی سہولت سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ کمیٹی نے بالخصوص گھوٹکی میں بدر گیس فیلڈ کی مجوزہ گیسفکیشن سکیم کا جائزہ لیا۔ال بدر گیسفکیشن سکیم کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوائی گئی سمری میں شامل کرنے کے حوالے سے وزارت پٹرولیم کے سپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ سمری ای سی سی کو بھجوائی جا چکی ہے اور متعلقہ فورم سے منظوری کے بعد مطلوبہ فنڈز جاری کر دیئے جائیں گے۔ذیلی کمیٹی نے ال بدر سکیم کی تخمینہ لاگت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کو نظرثانی شدہ تخمینوں کا دوبارہ جائزہ لینے اور انہیں معقول بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے میٹریل اور تعمیراتی نرخوں کی تصدیق سمیت لاگت میں اضافے کےطریقہ کار اور منصوبوں کے تخمینوں کی تصدیق کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی۔
ذیلی کمیٹی نے وزارت پٹرولیم اور ایس ایس جی سی کو اہل گیسفکیشن سکیموں پر مقررہ مدت میں عملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت کی اور سفارش کی کہ ای سی سی مطلوبہ فنڈز کی جلد منظوری دے تاکہ منصوبوں پر مزید تاخیر کے بغیر کام شروع کیا جا سکے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کی جانب سے گیسفکیشن سکیموں کی صوبہ وار اور منصوبہ وار صورتحال،گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں آنے والے دیہات اور ان کی گیسفکیشن کی صورتحال، منظور، جاری اور استعمال شدہ فنڈز، او جی ڈی سی ایل کی جانب سے نکالی جانے والی گیس اور سی ایس آر کےتحت گیس فراہم کیے جانےوالے دیہات، ملک بھر میں مکمل کیےگئے گیسفکیشن منصوبوں اور مقامی آبادی کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات پر مشتمل جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
خیبر پختونخوا میں گیسفکیشن کے معاملے پر سینیٹر ہدایت اللہ خان نے مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا۔ کنوینر نے خیبر پختونخوا میں گیسفکیشن کے حوالے سے پشاور میں تفصیلی بریفنگ کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ذیلی کمیٹی نے گھوٹکی، قادِرپور روڈ کی مرمت سی ایس آر پروگرام کےتحت ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی بھی سفارش کی اور متعلقہ کمپنی کو ضروری سروے کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ذیلی کمیٹی نے وزیراعظم، سپریم کورٹ اور کمیٹی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو منظور شدہ گیسفکیشن سکیموں پر ترجیحی بنیادوں اور مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔







