سیڈکارپوریشن کی کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کے وقت بی ٹی کاٹن کی مختلف اقسام کے بیج کو اولیت دینے کی ہدایت

فیصل آباد۔20فروری (اے پی پی):پنجاب سیڈ کارپوریشن نے زمینداروں، کسانوں کی خوشحالی اورملکی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے اپریل میں کپاس کی آئندہ فصل کاشت کرتے وقت بی ٹی کاٹن کی مختلف ورائٹی کے بیج کو اولیت دینے کی ہدایت کی ہے جس سے نہ صرف بہتر پیداوار حاصل ہوگی بلکہ کاٹن فیکٹریوں میں کام کرنیوالے مزدوروں کو دیر پا روزگار بھی میسر ہوگا۔پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے کاشتکاروں سے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن نے بی ٹی اقسام کی شاندار ورائٹیزمتعارف کرائی ہیں جو بہترین پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام نقد آور فصلات میں سے سب سے زیادہ اہم مقام کپاس کو حاصل ہے کیونکہ یہ فصل کاشتکاروں کو تمام سال کے اخراجات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے منسلک لاکھوں افراد کو روزی فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص پنجاب میں بی ٹی اقسام کی کاشت کا دائرہ وسیع کیا جارہاہے جس کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے بیج کی فراہمی کو مؤثر اور فعال بنایا گیا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ ملکی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ شہ زور بیج ہی کاشت کریں۔