سیکرٹری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)جمیل احمد قریشی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے تفصیلی ملاقات کی جس دوران سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولت کاری، ضابطہ جاتی اصلاحات اور خطے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری ایس آئی ایف سی کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات،سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولت ، ضابطہ جاتی اصلاحات اور خطے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)جمیل احمد قریشی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے تفصیلی ملاقات کی جس دوران سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولت کاری، ضابطہ جاتی اصلاحات اور خطے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد نے وزیر اعلیٰ کو حکومت کی ترجیحات بالخصوص سرمایہ کاری میں سہولت اور ضابطہ جاتی اصلاحات کے تحت آسان کاروبار قانون پر ملک بھر میں جاری پیش رفت سے آگاہ کیا، اس اقدام کا مقصد کاروباری ضوابط کو مزید آسان بنانا، غیر ضروری رکاوٹوں میں کمی لانا اور سرمایہ کاروں و کاروباری طبقے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسان کاروبار قانون کو جلد گلگت بلتستان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس سے خطے میں کاروباری سہولت کاری اور اصلاحات کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں صنعتی ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے بارے بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے، متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور قابلِ عمل سرمایہ کاری منصوبوں کی معاونت میں اپنے کردار کو اجاگر کیا۔ایس آئی ایف سی نے گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی سرمایہ کاری کی استعداد کو بروئے کار لانے، کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو مربوط ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ یہ پیش رفت ملک بھر میں سرمایہ کاری سہولت کاری اور اصلاحات کے لیے ایس آئی ایف سی کے جامع حکومتی طریقۂ کار کی عکاس ہے.








