سیکرٹری زراعت پنجاب نےگندم کی پیداوار میں اضافے کی مہم کا آغاز کر دیا

ملتان۔ 07 نومبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے صوبہ بھر میں خصوصی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں افتتاحی تقریب کے موقع پر انہوں نے زرعی جامعات کے وائس چانسلرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی تعلیم سے وابستہ طلباء کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں …

ملتان۔ 07 نومبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے صوبہ بھر میں خصوصی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں افتتاحی تقریب کے موقع پر انہوں نے زرعی جامعات کے وائس چانسلرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی تعلیم سے وابستہ طلباء کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت توسیع کے عملہ کے ساتھ مل کر ایک منظم پروگرام کے تحت اس مہم میں بھرپور شرکت کریں تاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے قومی ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔اس موقع پر وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے بتایا کہ جامعہ کے 328 سینئر طلباء اس مہم میں عملی طور پر حصہ لے رہے ہیں۔

یہ طلباء نہ صرف کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کی کارکردگی کی نگرانی جیو ٹیگنگ کے ذریعے مؤثر انداز میں کی جا رہی ہے۔مہم کے پہلے روز زرعی یونیورسٹی ملتان کے طلباء نے محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے عملے کے ساتھ مل کر صوبے کے 8 اضلاع میں کھیتوں کا دورہ کیا، کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور گاؤں کی سطح پر آگاہی سیمینارز، اجتماعات اور نمونہ پلاٹس کے ذریعے عملی تربیت فراہم کی۔کاشتکاروں نے جامعہ کے طلباء کی محنت، علم اور بروقت رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف جدید زرعی معلومات عام ہوں گی بلکہ محکمہ زراعت اور زرعی جامعات کے باہمی تعاون سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

 

مزید خبریں