سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں کی زیرِ صدارت چاول کی صوبائی سطح کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا
سیکرٹری زراعت کی زیرِ صدارت چاول کی صوبائی سطح کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں کی زیرِ صدارت چاول کی صوبائی سطح کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈ یشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز زراعت محمد شہباز اختر، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندگان ودیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل کی موجودہ صورتحال، کٹائی کے انتظامات، فصل کے بعد گندم کی کاشت اور چاول کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ رواں سیزن میں صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل 67 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی چاول پنجاب کی پہچان ہے اور اس کی پیداوار، معیار اور برآمدات میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دھان کی کٹائی کے جدید طریقوں کے حوالے سے کاشتکاروں کو فنی رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھان کی فصل پر قبل از برداشت زرعی زہروں کے محفوظ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ دھان کی کٹائی کے لیے کبوٹا اور جدید ہارویسٹرز کے استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ کٹائی کا عمل بروقت مکمل ہو اور فصل کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کو 10 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے ہیں اور دھان کی کٹائی کے بعد گندم کی کاشت ترجیحا سپر سیڈر کے ذریعے کی جائے تاکہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ بروقت گندم کی کاشت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔شکیل احمد میاں نے کہا کہ دھان و دیگر فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کے لیے مرتب کردہ حکمتِ عملی پر من و عن عملدرآمد جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ چاول کی عالمی منڈی میں رسائی بڑھانے اور چاول کی برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لیے مزید فعال کردار ادا کرے ۔








