سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے ایف جی ای ایچ اے کے مختلف منصوبوں میں ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور موثر واٹر مینجمنٹ کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے
سیکرٹری ہائوسنگ کا ایف جی ای ایچ اے کے مختلف سیکٹرز کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے ایف جی ای ایچ اے کے مختلف منصوبوں میں ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور موثر واٹر مینجمنٹ کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ جی-14، جی-15/3 اور ایف-14/ایف-15 کا تفصیلی دورہ کیا۔ متعلقہ ڈائریکٹرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی کمشنر (ایل اے سی) اور تکنیکی عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔متعلقہ افسران نے سیکرٹری ہائوسنگ کو اراضی کے حصول، قبضہ، ترقیاتی کاموں اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری ہائوسنگ نے جی-14/2-3 میں حالیہ حاصل کی گئی اراضی اور قبضے کا معائنہ کیا اور بجلی، گیس، سڑکوں، ہارٹیکلچر، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور دیگر بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے جی-14/1 میں ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کا عمل جلد مکمل کرنے جبکہ جی-14/2-3 میں قائم غیر قانونی مساجد کی قانونی حیثیت محکمہ اوقاف کے ساتھ رابطے سے واضح کرنے کی ہدایت کی۔جی-15/3 کے دورے کے دوران سیکرٹری ہائوسنگ نے غیر قانونی قبضے قانون کے مطابق جلد واگزار کرانے، مرکزی سڑکوں کو جی-14 سے منسلک کرنے اور جی ٹی روڈ سے رابطہ بہتر بنانے کے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مرکزی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس اور مناسب مقامات پر سائن بورڈز نصب کرنے پر بھی زور دیا۔ایف-14 اور ایف-15 میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری ہائوسنگ نے بارش کے پانی کی نکاسی، پانی کے بہائو اور مستقبل کے واٹر مینجمنٹ کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے نالوں پر مناسب مقامات پر چیک ڈیمز تعمیر کرنے، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور جدید رین واٹر ہارویسٹنگ نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنائی جا سکے۔انہوں نے باقی ماندہ پلاٹس کا قبضہ جلد حاصل کرنے اور حالیہ بارشوں کے باعث متاثر یا موخر ہونے والے ترقیاتی کام فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ایف-14 کے انٹری گیٹ کے لیے جدید شہری منصوبہ بندی کے تقاضوں کے مطابق مناسب ڈیزائن اور منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔بعد ازاں ایف جی ای ایچ اے ہیڈ آفس میں گرین انکلیو-I منصوبے کو قابلِ عمل بنانے اور درپیش مسائل کے عملی، موثر اور کم لاگت حل کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک، پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین انکلیو-I محسن سردار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے منصوبے کے ممکنہ حل تجویز کرنے کے لیے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جوائنٹ انجینئرنگ ایڈوائزر، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایف جی ای ایچ اے، پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین انکلیو-I اور جنرل منیجر نیسپاک پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی۔ ٹیم کو دو دن کے اندر جامع سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ٹیم منصوبے کے تکنیکی، مالی اور انتظامی پہلوئوں کا جائزہ لے کر منصوبے کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے قابل عمل اور کم لاگت آپشنز تجویز کرے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو بہتر، محفوظ اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایف جی ای ایچ اے کے تمام منصوبوں میں ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کی جائیں گی۔سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ایف جی ای ایچ اے کے افسران اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیکٹرز کو جدید، خوبصورت، ماحول دوست اور مثالی رہائشی علاقوں میں تبدیل کیا جائے گا.








