سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ، امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اطمینان کا اظہار

مزید خبریں
لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے امن و امان کی صورتحال اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں اور نوسربازوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے جبکہ پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں اور نوسربازوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام سے متعلق حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے بینکوں اور جیولری شاپس پر تعینات سکیورٹی گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کرائم ہاٹ سپاٹس پر سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں مقررہ اوقات کے دوران شہریوں سے ملاقات یقینی بنائی جائے اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد نے شرکت کی جبکہ اقبال ٹاون اور صدر ڈویژن کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن بھی اجلاس میں شریک تھے۔








