سی پیک پاکستان کی معاشی بحالی اور سبز ترقی کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلی کے اہداف کے حصول کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، جس سے ملک، کاروباری برادری اور عوام سب کو فائدہ ہوگا

لاہور۔30اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلی کے اہداف کے حصول کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، جس سے ملک، کاروباری برادری اور عوام سب کو فائدہ ہوگا۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں گرین ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی و جدت پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان اور چین اعلی معیار کے انسانی وسائل کی تیاری اور گرین ٹرانزیشن کے لیے سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی گرین ٹرانزیشن کو تیز کرنے کے لیے پاکستان کو قابلِ عمل اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبے تیار کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کلائمیٹ پراسپیریٹی پلان توانائی، گرین اکنامک زونز، الیکٹرک گاڑیوں، موسمیاتی مزاحم زراعت، سرکلر اکانومی اور ماحول دوست انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔