سی پیک 2.0 کے اگلے مرحلہ سے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،محمد ضمیر اسدی
سی پیک 2.0 کے اگلے مرحلہ سے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،محمد ضمیر اسدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):چائنا انٹرنیشنل پریس اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے میڈیا فیلو محمد ضمیر اسدی نے کہا ہے کہ سی پیک 2.0 کے اگلے مرحلہ سے پاکستان اور چین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، جدت، صنعتی ترقی، ڈیجیٹل رابطوں، تعلیم اور عوامی فلاح و بہبود سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک نے توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، صنعتی ترقی اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں پاک چین تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کی ہے جبکہ سی پیک 2.0 کے تحت اس تعاون کو مزید وسیع اور نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) محض بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا منصوبہ نہیں بلکہ تجارت، ٹیکنالوجی، علم، ثقافت اور عوامی روابط کے ذریعے مختلف ممالک کو جوڑنے کا وسیع پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے چین کی غیر معمولی اقتصادی ترقی کو عصر حاضر کی اہم ترین تبدیلیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے وسیع مینوفیکچرنگ بیس، جدید بنیادی ڈھانچے، مضبوط تکنیکی صلاحیتوں اور جدت پر مبنی معیشت کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے تعاون اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان چین اور عالمی برادری کے درمیان دوستی اور مستقبل کے بین الاقوامی تعاون کے اہم سفیر ہیں اس لیے تعلیمی اور عوامی سطح کے تبادلوں کو مزید فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سلک روڈ نیٹ ورک باہمی تجربات اور کامیابیوں کے تبادلے کے ذریعے چین اور دنیا کے درمیان خیالات، خوشحالی، امن اور پائیدار ترقی کے روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سلک روڈ نیٹ ورک کے پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی سمیت چین اور عالمی برادری کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔







