کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پاکستان کے خوبصورت دارالحکومت اسلام آباد کی سیر و تفریح کو مزید آسان، اور دلکش بنانے کے لیے جدید الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ڈی اے کا اسلام آباد کی سیر و تفریح کے لئے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پاکستان کے خوبصورت دارالحکومت اسلام آباد کی سیر و تفریح کو مزید آسان، اور دلکش بنانے کے لیے جدید الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس اقدام کا مقصد شہریوں کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اسلام آباد کے قدرتی حسن، سرسبز ماحول، دلکش مناظر، تفریحی مقامات اور اہم تاریخی و سیاحتی مراکز کی سیر کے لیے جدید، آرام دہ، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں ایک مخصوص روٹس پر چلائی جائیں گی، جس کے ذریعے شہری اور سیاح اسلام آباد کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کا بھی آسانی سے دورہ کر سکیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کے دارالحکومت کی حیثیت سے منفرد مقام رکھتا ہے اور اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز ماحول، دلکش پہاڑی مناظر، منظم شہری منصوبہ بندی اور نمایاں تفریحی و تاریخی مقامات کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں اور دارالحکومت کا دورہ کرنے والے افراد کو جدید سہولیات فراہم کرنے اور اسلام آباد میں سیاحتی و تفریحی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کو ایک منفرد انداز میں دیکھنے اور اس کے قدرتی و تفریحی حسن سے لطف اندوز ہونے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔ بالخصوص شہر کے خوبصورت ویو پوائنٹس، پارکس، اہم تاریخی مقامات اور دیگر تفریحی مراکز تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔”اسلام آباد پاکستان کا خوبصورت دارالحکومت ہے جو بے مثال قدرتی حسن، دلکش مناظر اور متعدد تفریحی و تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔ ہمارا مقصد صرف سیاحوں ہی کو نہیں بلکہ اسلام آباد کے شہریوں اور ملک بھر سے آنے والے افراد کو بھی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے دارالحکومت کی خوبصورتی کو آسانی سے دیکھ، دریافت اور اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس خاندانوں، سیاحوں اور دیگر زائرین کے لیے جدید، آرام دہ، قابلِ رسائی اور ماحول دوست سیر و تفریح کی سہولت فراہم کرے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو ایک نئی تفریحی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو ایک پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید اور پائیدار سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کرنے والے مخصوص روٹس پر چلائی جائیں گی، جس کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو ایک منظم اور آسان سفری سہولت کے ساتھ متعدد مقامات کی سیر کا موقع ملے گا۔اس روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت اسلام آباد کے دیگر اہم تفریحی، خوبصورت اور تاریخی مقامات شامل ہوں گے۔ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو آرام دہ سفر کے دوران اسلام آباد کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا، جس سے خاندانوں، طلبہ، شہریوں اور ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے دارالحکومت کی سیر مزید آسان، آرام دہ اور قابلِ رسائی ہو جائے گی ۔الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں زیادہ سے زیادہ 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی، جن میں 67 نشستیں شامل ہوں گی۔ اس طرح بڑی تعداد میں شہریوں اور سیاحوں کو ایک ساتھ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔شہریوں نے سی ڈی اے کے مجوزہ اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے اور شہر کے اہم سیاحتی و تفریحی مقامات کی سیر کے لیے شہریوں اور سیاحوں کو خصوصی سہولت فراہم کرنے پر سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا۔ شہریوں نے اہم سیاحتی، تفریحی اور خوبصورت مقامات کو آپس میں منسلک کرنے کے اقدام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت کے ذریعے خاندانوں، طلبہ، شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کے پارکس، ویو پوائنٹس، اہم تاریخی مقامات اور دیگر تفریحی مراکز کو آسانی سے دیکھنے اور ان سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو ایک منفرد انداز میں اسلام آباد کو دیکھنے، اس کی قدرتی خوبصورتی اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے اور شہر کے اہم تاریخی و تفریحی مقامات کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہ سہولت ایک منظم اور مخصوص سائٹ سینگ سروس کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے سی ڈی اے کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کو مزید سہولیات فراہم کرنا، سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان بھر سمیت دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے افراد کو اسلام آباد، پاکستان کے خوبصورت دارالحکومت، کو دریافت کرنے، دیکھنے اور اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔






