کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پانی کے ذخائر، واٹر سپلائی انفراسٹرکچر اور تقسیم کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیئے ہیں
سی ڈی اے کا صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پانی کے ذخائر، واٹر سپلائی انفراسٹرکچر اور تقسیم کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔بدھ کو سی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق جی-10 واٹر ورکس میں پانی کے ذخائر کی صفائی اور جراثیم کشی کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے تاکہ حفظان صحت کے مطلوبہ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔سی ڈی اے کی جانب سے موجودہ آبی وسائل کے تحفظ، موثر استعمال اور پانی کے نئے ذرائع کی تلاش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے، پانی کے ضیاع میں کمی اور تقسیم کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ادارے کے مطابق پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے اور پائیدار آبی ذرائع کی نشاندہی کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور زیر زمین پانی کی سطح کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سی ڈی اے نے شہریوں، سرکاری و نجی اداروں اور تجارتی مراکز سے اپیل کی ہے کہ پانی کا ذمہ دارانہ اور محتاط استعمال یقینی بنائیں کیونکہ آبی وسائل کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور شہریوں کا تعاون پانی کے ذخائر کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔شہریوں نے پانی کی فراہمی، ذخائر کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے جاری مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے محفوظ اور پائیدار استعمال کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔سی ڈی اے نے اپنے پیغام میں کہا کہ پانی زندگی ہے، ہر قطرہ قیمتی ہے، آج پانی بچائیں تاکہ کل کے لیے پانی محفوظ بنایا جا سکے۔







