محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ملتان کی جانب سے ہیٹ ویو مٹیگیشن مہم کے تحت مویشی پال حضرات کو جانوروں کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
شدید گرمی میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی آگاہی مہم

مزید خبریں
ملتان۔ 13 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ملتان کی جانب سے ہیٹ ویو مٹیگیشن مہم کے تحت مویشی پال حضرات کو جانوروں کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی کی سربراہی میں محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ مساجد میں اعلانات، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں کے ذریعے جانوروں کا معائنہ، علاج، طبی مشاورت اور احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔اس سلسلے میں یونین کونسل کی سطح پر آگاہی سیمینارز اور کسان لائیو سٹاک بیٹھکوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں مویشی پال حضرات کو شدید گرمی کے دوران جانوروں کی دیکھ بھال، مناسب خوراک، پانی کی فراہمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق ملتان ڈویژن میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں کے ذریعے احتیاطی تدابیر پر مبنی اعلانات جاری ہیں، جبکہ عوامی آگاہی کے لیے اہم مقامات پر معلوماتی پینا فلیکسز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی روزانہ کی بنیاد پر ملتان ڈویژن کے افسران سے زوم میٹنگز کے ذریعے مہم کا جائزہ لے رہے ہیں اور فیلڈ میں بھی ضروری ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے نمٹنے اور مویشی پال حضرات کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔








