سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں اہم اجلاس میں کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے جاری اقدامات، فصلوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم زرعی امور کا جائزہ لیا گیا۔
شدید گرمی میں کپاس و دیگر فصلوں کی نگہداشت بارے کاشتکاروں کو خصوصی رہنمائی فراہم کی جائے، افتخار علی سہو

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں اہم اجلاس میں کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے جاری اقدامات، فصلوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم زرعی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر ساجد الرحمن، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت محمد انجم علی سمیت محکمہ زراعت و انہار کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شدید گرمی کی لہر کے دوران کپاس و دیگر فصلوں کی نگہداشت بارے کاشتکاروں کو خصوصی رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے لیے نہری پانی کی بروقت اور ضرورت کے مطابق فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔افتخار علی سہو نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی زرعی زہروں کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان سہولت سنٹرز اور کاٹن ٹیکنیکل گروپس جلد فنکشنل کیے جائیں۔ علاوہ ازیں، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کی کامیابی کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو سیلاب کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے فیلڈ فارمیشنز مکمل تیار رہیں۔بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ماڈل ایگریکلچر مال ملتان کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ ماڈل ایگریکلچر مال کی آپریشنل سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جائے۔








